بھٹکل، 19 نومبر (ایس او نیوز): معروف سیاحتی مرکز مرڈیشور میں تاریخ ساز "مچھلیوں کا سب سے بڑا میلہ" 21 سے 23 نومبر تک منعقد ہونے جا رہا ہے، جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سدرامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار انجام دیں گے۔ورلڈ فشریس ڈے کی مناسبت سے پہلی بار ساحلی کرناٹکا میں منعقد ہونے والے اس شاندار میلہ میں پانچ ہزار سے زائد اقسام کی مچھلیاں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی،اس بات کا اعلان اُترکنڑا کے ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر اور وزیر برائے بندرگاہ، ماہی گیری اور اندرونی آبی نقل و حمل منکال وئیدیا نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلہ میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
نوجوانوں اور طلبہ کے لئے مچھلیوں کی اقسام سے آگاہی کا بہترین موقع
مرڈیشور کے آر این ایس گولف کلب ریسارٹ میں منعقدہ پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ کرناٹک کے بحرِ عرب کے کنارے بسنے والے ہزاروں افراد ماہی گیری کے پیشے سے وابستہ ہیں، مگر نئی نسل بیشتر مچھلیوں کی اقسام سے ناواقف ہے۔ اس میلے کے ذریعے ان تمام افراد کو مچھلیوں کی مختلف اقسام اور ماہی گیری کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں گی، خاص طور پر طلبہ کو اس بات کی آگاہی دینے کی کوشش کی جائے گی کہ ماہی گیری اور مچھلیوں کی مختلف اقسام کا علم کس طرح ان کی زندگی میں اہمیت رکھتا ہے۔
شاندار تقریبات اور منفرد نمائش:
منکال وئیدیا کے مطابق، میلہ میں ٹنل ایکویریم اور آرائشی مچھلیوں کی گیلری منفرد کشش کا مرکز ہوں گے۔ 60 اسٹالز میں سرکاری و نجی اداروں کی مصنوعات اور خدمات کی نمائش ہوگی۔ اس کے ساتھ، تکنیکی سیشنز میں ماہرین کی گفتگو اور ماہی گیروں کی کامیابی کی کہانیاں پیش کی جائیں گی۔ ہر روز شرکاء کے لیے دوپہر کے کھانے کا انتظام ہوگا اور شام کو مشہور کنڑا فنکاروں، جیسے ارجن جنیا اور انوشری کے میوزیکل پروگرامز کے ذریعے تفریح فراہم کی جائے گی۔
ماہی گیری کے شعبے کو فروغ دینے کی کوشش:
منکال وئیدیا نے کہا کہ یہ میلہ صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر طلبہ اور نئی نسل کو ماہی گیری کے پیشے اور مچھلیوں کی مختلف اقسام سے روشناس کرانے کا یہ بہترین موقع ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ یہ شاندار یہ ایونٹ ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے شرکاء کو یادگار تجربات فراہم کرے گا۔
وزیر اعلیٰ کی شرکت:
پروگرام کا افتتاح 21 نومبر کو شام 4 بجے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں کیا جائے گا۔ ان کی آمد کو دیکھتے ہوئے مرڈیشور گولف کلب ریسارٹ میں ہی خصوصی ہیلی پیڈ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
منکال وئیدیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان ایونٹ میں شرکت کریں حصہ لیں اور اس کے ذریعے ماہی گیری کی صنعت اور اس سے جڑے فوائد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔